امریکی صدر جو بائیڈن اور کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے درمیان پہلی ورچوئل ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کا کرہ ارض کو نقصان دہ گیسوں سے بچانے کے لیے باہمی اتفاق ہوا تاکہ 2050 تک گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کو صفر پر لانے کا ہدف حاصل کیا جا سکے۔
اوٹاوا میں موجود کینیڈین وزیراعظم ٹروڈو کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران مختلف عالمی فورمز پر، خاص طور پر آب و ہوا کی تبدیلیوں کے حوالے سے، امریکہ کی قیادت کی غیر موجودگی کو خاص طور پر شدت سے محسوس کیا گیا، یہ بات خوش آئندہ ہے کہ امریکی صدر نے موسمیاتی تبدیلیوں کا حوالہ دیا اور اسے نظر انداز نہیں کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ماحول کو نقصان پہنچانے والی گیسوں نے نیا ریکارڈ بنا لیا
دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن نے ملاقات میں وزیر اعظم ٹروڈو کو باور کروایا کہ کینیڈا امریکہ کا قریب ترین دوست ملک ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بحیثیت صدر میری پہلی ٹیلی فون کال کینیڈا کے لیے تھی اور پہلی ورچوئل ملاقات بھی کینیڈا کی قیادت کے ساتھ ہو رہی ہے۔