سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی وباء کورونا وائرس کے باعث ماہ صیام کے دوران مسجد الحرام میں روزانہ کی بنیاد پر ایک لاکھ 50 ہزار افراد کو عمرے اور عبادت کیلئے داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔
سعودی میڈیا کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے امور کی جنرل پریذیڈینسی کے سربراہ شیخ عبدالرحمان السدیس نے ماہ رمضان میں عمرے اور نمازوں کی ادائیگی سے متعلق ہدایات جاری کی ہیں۔ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ ماہ صیام کے دوران مسجد الحرام میں روزانہ صرف ڈیڑھ لاکھ افراد کو داخل ہونے کی اجازت ہوگی جن میں سے 50 ہزار معتمرین ہوں گے۔ معتمرین کیلئے عمر 65 سال سے زائد اور ویکسینیشن مکمل ہونے کی شرط رکھی گئی ہے۔ شیخ عبدالرحمان السدیس نے کہا ہے کہ مسجد الحرام میں باجماعت تروایح کے اہتمام اور طاق راتوں میں قیام سے متعلق ابھی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے تاہم امید ہے جلد اس حوالے سے فیصلہ کرلیا جائے گا۔
دوسری جانب حج اور عمرہ کے نائب وزیر ڈاکٹر عبدالفتح نے کہا کہ مسجد الحرام میں معمول کی عبادت کرنے اور عمرہ ادا کرنے کے خواہش مندوں کو ہفتہ وار الگ الگ پرمٹ جاری کیئے جائیں گے۔ اس حوالے سے ڈاکٹر عبدالفتح نے ماہ صیام میں عبادت اور عمرہ کے خواہش مندوں کو پرمٹ حاصل کرنے کے لیے توکلنا ایپ پر درخواست جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
مذیدپڑھیں: سعودی عرب: رمضان المبارک میں مساجد میں سحروافطار پر پابندی عائد
واضح رہے کہ سعودی عرب میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 3 لاکھ 94 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جن میں سے فعال کیسز کی تعداد 7 ہزار 44 ہے جبکہ 852 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔