اسلام آباد میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور کورونا کی مانیٹرنگ کے لیے بنائے گئے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے کہا کہ حکومت عید کے بعد تمام شہریوں کے لیے کورونا ویکسین کی رجسٹریشن کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
اسد عمر نے پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر کے حوالے سے آئندہ پانچ سے چھ ہفتوں کو اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اب تک نجی شعبے سے 14 ہزار افراد نے ویکسین لگوائی ہے جبکہ سرکاری سطح پر 11 افراد کو ویکسین لگائی جاچکی ہے۔ ویکسینیشن کیلئے اس وقت چین، پاکستان کا بنیادی ذریعہ ہے جبکہ عید کے بعد ملک میں کورونا کی کین سینو ویکسین بھی دستیاب ہوگی۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عید کے بعد ہم یومیہ ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد افراد کو ویکسین لگانے کے قابل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت کورونا کے تشویشناک مریضوں کی تعداد پہلی لہر سے زیادہ ہے جو تشویش کی بات ہے۔ وفاقی وزیر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ‘ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کے ذریعے کیسز کی شرح کو کم کیا جاسکتا ہے’۔
مذید پڑھیں: ہزاروں وائرس عالمگیر وباء بننے کیلئے تیار
ملک بھر میں کورونا وائرس کی تیسری لہر شدت اختیار کر گئی ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 705,517 تک پہنچ گئی ہے جبکہ مہلک وائرس سے مزید 98 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 15,124 ہوگئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5,329 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ ملک بھر میں مجموعی طور پر 623,399 افراد صحتیاب ہو چکے، تاہم 3,942 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ ایکٹو کیسز کی تعداد 66,994 تک جا پہنچی ہے جبکہ 10,584,877 افراد کے ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔