ڈرامہ سیریل "رقصِ بسمل” کی آخری قسط میں خوشگوار اختتام پر سوشل میڈیا صارفین خوشی کا اظہار کر رہے ہیں جس کی وجہ سے ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کرنے والے عمران اشرف اور سارہ خان کے نام بھی ٹوئٹر ٹرینڈنگ فہرست میں موجود ہیں۔
ڈرامہ رقص بسمل کی کہانی معاشرے کے ایسے خاندانوں کے گرد گھومتی ہے جو خاندان سے باہر رشتہ کرنا اپنی روایات اور اصولوں کے خلاف سمجھتے ہیں۔
ڈرامے کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جب بھی اس ڈرامے کی نئی قسط منظر عام پر آتی تو ٹوئٹر پر ڈرامے کا نام ٹرینڈنگ لسٹ میں سرفہرست ہوتا۔
بنت حوا نامی ٹوئٹر اکاونٹ نے لکھا کہ "پہلے بھولے کی ایکٹنگ اور اب موسیٰ اتنی بہترین اداکاری ہم کیسے بھول پائیں گے، موسی ٰچلا گیا۔”
یہ بھی پڑھیں: ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کرنے کے باوجود لوگ ہیرو تسلیم کرنے کو تیار نہیں: عمران اشرف
ڈرامے ٹی وی پر آن ایئر ہونے کے دوران عمران اشرف نے ٹوئٹر پر صارفین سے درخواست بھی کی کہ موسیٰ کا نام ٹرینڈنگ لسٹ میں پانچویں نمبر پر موجود ہے آپ اسے پہلے نمبر پر بھی لا سکتے ہیں۔
مہوش اعجاز نے لکھا کہ "عمران اشرف کمال کے اداکار ہیں جیتے رہو چیتے۔”
عمران اشرف نے ڈرامے کی آخری لمحات کے دوران اپنے مداحوں سے مخاطب ہو کر ٹویٹ کی "حضرات ضروری اعلان سنیں، زہرہ موسیٰ کی ہو گئی ہے۔” جس کے جواب میں انہوں نے سوشل میڈیا صارفین سے مبارکبادیں بھی وصول کیں۔