وزیراعظم عمران خان نے اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی جانب سے دائر ہتک عزت کے دعوے کا جواب جمع کروا دیا، عمران خان نے شہباز شریف کا ہتک عزت کا دعویٰ جرمانے کے ساتھ خارج کرنے کی استدعا بھی کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مجھے عمران خان اور وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری کے حکم پرگرفتار کیا گیا: عطاء تارڑ
عمران خان کی جانب سے جمع کروائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف یا شہباز شریف کی طرف سے رقم کی آفر براہ راست نہیں آئی بلکہ کسی کے ذریعے آئی تھی اور عمر فاروق نامی شخص نے بتایا کہ آفر ہے اگر عمران خان پانامہ لیکس کی پیروی چھوڑ دیں تو وہ بھاری رقم دینے کو تیار ہیں۔
جواب میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے ماضی میں ایک آرمی چیف کو بی ایم ڈبلیو گاڑی دینے کی کوشش بھی کی، شہباز شریف کی ایک جج کے ساتھ آڈیو ٹیپ بھی منظر عام پر آ چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیریوں کی مرضی اور مشاورت کے بغیر کوئی حل ان پر ٹھونسنا بھارت کی مدد کرنا ہے: شہباز شریف
جواب میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ رشوت کی آفر کے بارے میں جیسے بتایا گیا اسی طرح ہی بیان دیا گیا، شہباز شریف کی شہرت میرے بیان کے باعث نہیں کسی اور وجہ سے متاثر ہوئی ہوگی، شہباز شریف کی جانب سے دعویٰ جھوٹا، بے بنیاد اور حقائق کو مسخ کر کے دائر کیا گیا، شہباز شریف سیاسی معاملات کو عدالتوں میں گھسیٹنا چاہ رہے ہیں، شہباز شریف کی جانب سے دائر کیا گیا دعویٰ اس عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔
واضح رہے کہ شہباز شریف نے پانامہ لیکس کے معاملے پر عمران خان کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔