پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سالانہ کمانڈنگ آفیسرز کانفرنس کے موقع پر بلوچ رجمنٹل سینٹر ایبٹ آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور فاتحہ کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچ رجمنٹل سینٹر میں افسران سے خطاب کرتے ہوئے ہر سطح پر بلوچ رجمنٹ کی اعلیٰ پیشہ وارانہ مہارتوں اور معیار سمیت مختلف آپریشنز میں بہترین کارکردگی اور کامیابوں کو سراہا، آرمی چیف نے خطاب میں کہا کہ کمانڈرز ہر سطح پر پیشہ وارانہ مہارت کے حصول پر توجہ دینے کے ساتھ ساتھ تازہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے خود کو تیار کریں، کمانڈرز ہر طرح کے ابھرتے ہوئے چیلنجز کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہیں۔
مذیدپڑھیں: منشیات فروش انسانیت کے دشمن اور قومی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں: آرمی چیف
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا بلوچ رجمنٹل سینٹر پہنچنے پر کرنل کمانڈنٹ بلوچ ریجمنٹ لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس نے استقبال کیا، آئی جی آرمز لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان اور کمانڈنٹ بلوچ رجمنٹل سینٹر بریگیڈئیر عثمان ابن ریاض بھی اس موقع پر موجود تھے۔