افغانستان کے دارالحکومت کابل کےحامد کرزئی انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر یکے بعد دیگرے ہونے والے 3 خودکش دھماکوں کے نتیجے میں اب تک 13 امریکی فوجیوں سمیت 170 افراد ہلاک اور 150 افراد زخمی ہوگئے ہیں جن میں 20 امریکی بھی شامل ہیں، اطلاعات کے مطابق متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ کابل ایئر پورٹ پر دھماکوں کی ذمہ داری عالمی دہشت گرد تنظیم داعش نے قبول کی ہے۔
پاکستان کی جانب سے کابل میں ہونے والے دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے، ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دہشتگردی کسی بھی نوعیت کی ہو وہ قابل مذمت ہے، افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایئرپورٹ سیکیورٹی کی ذمہ داری امریکی فوج کی تھی، آئندہ ایسے حملوں کو روکنے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔
امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے ترجمان جان کربی کا کہنا تھا کہ پہلا دھماکا آبے گیٹ کے قریب ہوا اور دوسرا بیرن ہوٹل کے قریب ہوا جبکہ تیسرا دھماکہ بھی کابل ائیر پورٹ کے قریب ہوا، دو امریکی عہدیداروں نے کہا کہ ایک دھماکا خود کش تھا، جان کربی نے اپنے پیغام میں کہا کہ “ہم تصدیق کرسکتے ہیں کہ آبے گیٹ کے قریب ہونے والا دھماکا بدترین حملہ تھا، جس کے نتیجے میں امریکی اور شہریوں کی ہلاکتیں ہوئیں، انہوں نے کہا کہ ہم ایک اور دھماکے کی تصدیق کرسکتے ہیں جو بیرن ہوٹل کے قریب، آبے گیٹ سے مختصر فاصلے پر ہوا، ایک طالبان عہدیدار کا کہنا ہے کہ دھماکہ ائیر پورٹ سے متصل ہوٹل کے قریب ہوا ہے جس میں طالبان کے متعدد گارڈز بھی زخمی ہوئے ہیں، ہوٹل میں بڑی تعداد میں برطانوی شہری مقیم تھے، پہلے دھماکے کے بعد اٹلی کے فوجی طیارے پر فائرنگ بھی کی گئی تھی تاہم طیارے کو نقصان نہیں پہنچا، پہلے دو دھماکوں کے بعد ریسکیو مشن جاری ہی تھا کہ ایئر پورٹ پر تیسرے دھماکے کی بھی آواز سنی گئی۔
مذیدپڑھیں: برطانوی وزیر نے کابل ایئرپورٹ پر حملے کے خدشے کا اظہار کردیا
تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ دھماکہ ایئر پورٹ کے کس حصے میں ہوا، پہلے دو دھماکوں کے بعد تیسر ے دھماکے سے کچھ ہی دیر پہلے امریکہ نے وارننگ جاری کی تھی کہ تیسرا دھماکہ بھی ہو سکتا ہے، اب تک کی اطلاعات کے مطابق کابل کے حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ہونے والے دھماکوں کے نتیجے میں 170 افراد ہلاک اور 150 زخمی ہوئے ہیں جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے اور مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، امریکی میڈیا کی اطلاعات کے مطابق پہلے دو دھماکوں میں امریکہ کے 13 فوجی ہلاک اور 20 زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 10 کی حالت نازک ہے۔