پاکستانی ڈرامے نہ صرف ملک میں مقبول ہیں بلکہ اپنی کہانی کی وجہ سے دنیا کے دیگر خطوں میں بھی ان ڈراموں کو پسند کیا جاتا ہے۔
اس سال جو نئے ڈرامے شروع ہورہے ہیں وہ محبت و جدائی، غم و رنج، خوشی و اداسی سمیت معاشرے کے کچھ مسائل کی کہانی کو اپنے انداز میں بیان کرتے نظر آئیں گے،
شہریار منور، اداکارہ مایا علی کے ساتھ اپنے آنے والی ڈراما سریل "پہلی سی محبت” میں دکھائی دیں گے جس میں دونوں اپنی زندگی کی لڑائی لڑتے نظر آئیں گے۔
سال 2021 میں شوبز ستارے احسن خان اور نیلم منیر "قیامت” نامی ڈرامے میں ساتھ دکھائی دیں گے، اس ڈرامے سے قبل دونوں اداکار 2017 میں فلم چھپن چھپائی میں ساتھ جلوہ گر ہوئے تھے جو مزاح اور ایکشن سے بھرپور تھی۔
رواں سال ڈرامہ "رقیب سے” میں اقرا عزیز اداکاری کے جوہر دکھائیں گی، اس ڈرامے کی خاص بات یہ ہے کہ "رقیب سے” میں پاکستان میوزک انڈسٹری کی مقبول ترین اور عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ حدیقہ کیانی اداکاری کے میدان میں اپنا ڈیبیو کررہی ہیں۔
ڈراما سیریل "خدا اور محبت” اپنے گزشتہ 2 سیزنز میں ناظرین کی بھرپور پذیرائی کے بعد رواں برس اپنے تیسرے سیزن کے ساتھ واپس آرہا ہے۔
معروف لکھاری ہاشم ندیم کے ناول ‘خدا اور محبت’ پر مبنی ڈرامے کا پہلا سیزن 2011 میں نشر ہوا تھا اور اس کے پہلے اور دوسرے سیزن میں عمران عباس کے ساتھ سعدیہ خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
ڈراما "رقصِ بسمل” کا آغاز سال 2020 کے آخر میں ہوا تھا لیکن اس کی صرف ایک قسط ہی گزشتہ سال میں نشر ہوئی تھی اور اسے بھی 2021 کا ڈراما کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔
ڈنک’ ڈراما اپنے آغاز سے قبل ہی اس وقت مداحوں کی توجہ کا مرکز بنا تھا جب صارفین نے اس کے پوسٹر میں بلال عباس کی جھلک پر غلطی سے ڈرامے کے نام کی وجہ سے آسٹریلین بلے باز بین ڈنک کو ٹیگ کرنا شروع کردیا تھا۔
ڈرامے کی پہلی قسط نشر ہونے سے قبل ہی اس کے ٹیزرز نے کہانی سے متعلق تجسس پیدا کیا تھا اور اس پر تنقید بھی ہوئی تھی جس میں ایک یونیورسٹی کے استاد کو طالبہ کی جانب سے ہراسانی کے الزامات کا سامنا کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
سال 2021 میں پاکستان کے معروف اداکاروں میں سے ایک فیصل قریشی، اداکارہ حبہ بخاری کے ساتھ ‘افیئر’ میں جلوہ گر ہوں گے، جیسا کہ نام سے ہی ظاہر ہے یہ ڈراما افیئر کے گرد ہی گھومتا ہے اور ڈرامے میں محبت اور انا کی اس کہانی کے ٹیزرز بھی جاری کیے جاچکے ہیں۔
ڈراما سیریل "دل نااُمید تو نہیں” میں اداکارہ یمنیٰ زیدی اور اداکار وہاج علی پہلی مرتبہ ایک ساتھ جلوہ گر ہورہے ہیں، اس ڈرامے کی کہانی آمنہ مفتی نے لکھی ہے جسے کشف فاؤنڈیشن کے اشتراک سے ٹی وی ون پر نشر کیا جائے گا جبکہ اس ڈرامے کی ہدایات کاشف ناصر دے رہے ہیں۔
"دل نااُمید تو نہیں” میں یمنیٰ زیدی اور وہاج علی انسانی اسمگلنگ جیسے معاشرے کے حساس ترین موضوع کو اجاگر کرتے دکھائی دیں گے۔