تمباکو نوشی صحت کے لیے بہت نقصان دہ ہے اور متعدد امراض کا خطرہ بڑھاتی ہے، اب انکشاف ہوا ہے کہ اس عادت کے نتیجے میں کووڈ 19 کی علامات اور شدت میں اضافے کا خطرہ اس عادت سے دور رہنے والوں کے مقابلے میں بہت زیادہ ہوتا ہے۔
یہ انکشاف برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا، کنگز کالج لندن کی تحقیق میں تمباکو نوشی اور کووڈ 19 کی شدت کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا گیا تھا، محققین نے کووڈ کی علامات بتانے والی ایک اسٹڈی ایپ کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا، جس کو استعمال کرنے والوں میں سے 11 فیصد تمباکو نوشی کے عادی تھے۔
تحقیق کے دورانیے کے دوران اس ایپ کو استعمال کرنے والے ایک تہائی سے زیادہ افراد نے جسمانی طور پر ناسازی کو رپورٹ کیا، تاہم محققین نے دریافت کیا کہ تمباکو نوشی کے عادی افراد میں کووڈ 19 سے متعلق علامات جیسے بخار، مسلسل کھانسی اور سانس میں مشکلات وغیرہ کا سامنا دیگر کے مقابلے میں 14 فیصد زیادہ ہوتا ہے، تحقیق کے مطابق تمباکو نوشی کے عادی افراد کووڈ 19 سے متعلق 5 سے زیادہ علامات کو رپورٹ کرتے ہیں۔