غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کورونا وائرس نے لبنان میں تباہی مچا دی ہے، جس کے بعد ملک میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے کنٹرول فوج کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر دس روز کے سخت لاک ڈاؤن اور کرفیو کا اعلان کیا گیا ہے۔
لبنان کی مسلح افواج کی اعلیٰ کونسل کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ تمام ہسپتالوں کو کورونا کے مریضوں کا علاج کرنا لازمی ہوگا اور جو ایسا نہیں کریں گے اُن کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ملک بھر کے ہوائی اڈوں میں پروازوں کی شرح کم کر کے 20 فیصد کردی جائے گی جبکہ بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو 7 دن ہوٹل میں خود کو قرنطینہ کرنا ہوگا۔ عوامی مقامات بند، تقریبات اور تجارتی سرگرمیاں معطل ہوں گی۔ لبنانی فوج کے اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ کرفیو سے مستثنیٰ صرف وہ افراد اور ادارے ہوں گے جنہوں نے متعلقہ سرکاری اداروں سے خصوصی اجازت نامہ حاصل کیا ہوگا۔
مذیدپڑھیں: بیلجیم میں کوروناوائرس بے قابو ہونے لگا
واضح رہے لبنان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 222,391 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس مہک وباء سے 1,629 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔