غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جو بھی القاعدہ کے رہنما عبد الرحمٰن المغربی کے بارے میں معلومات فراہم کرے گا اسے 7 ملین ڈالرکا انعام دیا جائے گا۔ القاعدہ کے رہنما عبد الرحمٰن المغربی کا شمار القاعدہ کے سرکردہ لیڈروں میں ہوتا ہے اور وہ تنظیم کے موجودہ سربراہ ایمن الظواہری کے داماد ہیں۔ مسلح تنظیموں کے ماہرین المغربی کو "لومڑی” کے طور پر بیان کرتے ہیں جو بھیس بدلنے اور نظروں سے اوجھل ہونے میں مہارت رکھتا ہے۔
ذرائع کے مطابق سنہ 2006ء میں یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ عبدالرحمان المغربی کو پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں ایک ڈرون حملے میں ہلاک کر دیا گیا ہے۔ گذشتہ روز امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا کہ الظواہری کے داماد عبدالرحمان المغربی اب بھی زندہ ہے اور اس کی تلاش میں مدد دینے اور اس کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والواں کو 70 لاکھ ڈالر تک کا انعام دیا جائے گا۔
مذید پڑھیں: امریکہ نے ایران کو القاعدہ کا نیا ٹھکانہ قرار دیدیا
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مورگن اورٹاگس نے کہا کہ دہشتگردوں کو بلیک لسٹ کرنے اور دہشتگردوں تک رسائی حاصل کرنے کیلئے انعامات کا اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ایران اور القاعدہ کے مابین اسٹریٹجک شراکت داری کا پتہ چلا ہے۔ انہوں نے مذید کہا کہ امریکا دہشتگردی کیلئے حمایت کرنے والوں کو معاف نہیں کرے گا۔