پاکستان کی معروف گلوکارہ و اداکارہ شاہدہ منی نے آئمہ بیگ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ناک سے گانا بند کر دیں،حال ہی میں شاہدہ منی ایک نجی ٹی وی چینل کے شو میں شریک ہوئیں جہاں ان سے پاکستان کے مقبول گلوکاروں کی تصاویر دکھا کر ان گلوکاروں کے حوالے سے ان کی رائے پوچھی گئی۔ سب سے پہلے شاہدہ منی کو گلوکارہ آئمہ بیگ کی تصویر دکھائی گئی اور آئمہ سے متعلق ان کی رائے پوچھی گئی۔
گلوکار بلال سعید کو شاہدہ منی نے مشورہ دیتے ہوئے کہا لوگ مشہور ہوجاتے ہیں اور ان کے گانے بھی ہٹ ہوجاتے ہیں لیکن ان لوگوں کو مزید محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ بلال سعید برا نہیں ہے لیکن اسے پرفارم کرنا نہیں آتا اسے اچھے گانے کی ٹریننگ لینی چاہئے اور ریاض کرنا چاہئے۔
میشا شفیع کو شاہدہ منی نے اسمارٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ میشا بہت اچھی دکھتی ہیں لیکن جیسی دکھتی ہیں ویسا گانا بھی گائیں۔ عاطف اسلم کو شاہدہ منی نے خوش قسمت قرار دیتے ہوئے کہا عاطف اسلم نے تاجدار حرم قوالی بہت عقیدت سے گائی ہے۔ گلوکارہ شاہدہ منی نے کہا کہ ہمارے پاکستان کا ٹیلنٹ بہت اچھا ہے بس انہیں محنت کرنے کی ضرورت ہے۔