غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی آرمی چیف ‘منوج مکند نرونے’ نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان ایک دوسرے سے مل کر بھارت کے لیے سنگین خطرہ پیدا کر رہے ہیں، لیکن بھارتی فوج ہر طرح کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔
بھارتی آرمی چیف نے سالانہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دفاعی اور عسکری تعاون میں کافی اضافہ ہوا ہے اور ہمیں دونوں محاذوں پر خطرہ ہے، لیکن اس خطرے سے نمٹتے ہوئے یہ دیکھنا ضروری ہوگا کہ کس محاذ پر زیادہ بڑا خطرہ ہے اور اسی تناظر میں پہلے بڑے خطرے سے نمٹنا ہوگا۔ بھارتی آرمی چیف کا یہ بیان ایک ایسے وقت آیا ہے جب بھارت اور چین کے درمیان لداخ میں فوجی کشیدگی مستقل برقرار ہے۔
جنرل نرونے نے پاکستان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس نے دہشتگردی کو گلے لگانے کا سلسلہ برقرار رکھا ہوا ہے، لیکن ہم دہشتگردی کے حوالے سے ‘زیرو ٹالرنس’ کی پالیسی پر گامزن ہیں اور ہم اپنی مرضی کے مطابق جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا اپنا حق محفوظ رکھتے ہیں۔